ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گجرات بی جے پی کے ’پونزی گھوٹالہ‘ کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات ہو: کانگریس کا مطالبہ

گجرات بی جے پی کے ’پونزی گھوٹالہ‘ کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات ہو: کانگریس کا مطالبہ

Tue, 03 Dec 2024 10:51:00  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 3/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) گجرات کے ’پونزی گھوٹالہ‘ پر آج کانگریس نے بی جے پی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اس معاملے کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ کانگریس نے الزام لگایا کہ گجرات بی جے پی لیڈر بھوپیندر جھالا کے ذریعے 6 ہزار کروڑ روپے کا پونزی گھوٹالہ انجام دیا گیا ہے۔ دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹر پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں پارٹی نے سپریم کورٹ جج کی نگرانی میں سی بی آئی سے معاملے کی مکمل تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا۔

کانگریس کے سینئر لیڈر اور گجرات کانگریس صدر شکتی سنگھ گوہل نے پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا کہ جھالا نے سینئر بی جے پی لیڈران سے اپنے روابط کا استعمال کسانوں، پنشن حاصل کرنے والوں، غریب و متوسط طبقہ کے عام لوگوں کو پونزی منصوبہ میں سرمایہ کاری کے لیے لبھانے میں کیا۔ اس منصوبہ میں لگائی گئی رقم 2 سال کے اندر دوگنی کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

شکتی سنگھ گوہل نے پریس کانفرنس میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل سمیت سینئر بی جے پی لیڈران کے ساتھ جھالا کی تصویریں بھی دکھائیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ تصویریں ان عام لوگوں کا بھروسہ جیتنے کے لیے کافی تھا جنھوں نے 2 سال کے اندر اپنے پیسے دوگنے کرنے کی امید میں اس بھوپیندر جھالا کی کمپنی میں سرمایہ کاری کی تھی۔‘‘ گوہل نے جھالا کے ذریعہ منعقد ایک تقریب کا دعوت نامہ بھی دکھایا جس میں وزرا، اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی سمیت کئی سینئر بی جے پی لیڈران کا تذکرہ کیا گیا تھا۔ کانگریس لیڈر کا کہنا ہے کہ اس تقریب میں ایک مرکزی وزیر اور گجرات کے دو وزراء مہمانِ خصوصی تھے۔

شکتی سنگھ گوہل نے نامہ نگاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ 6 ہزار کروڑ روپے کے گھوٹالہ کا ماسٹر مائنڈ اب فرار ہے اور پولیس ابھی تک اس کا پتہ نہیں لگا پائی ہے۔ انھوں نے اس معاملے کی جانچ سپریم کورٹ کے موجودہ جج کی نگرانی میں سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے نیٹ پیپر لیک واقعہ کا بھی ذکر کیا، جس میں اخذ کیا گیا کہ گجرات میں ایک اسکول چلانے والا بی جے پی لیڈر اس کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ انھوں نے کہا کہ گجرات پولیس کے ایک ڈی ایس پی نے حلف نامہ میں یہ بات کہی ہے۔ ایک دیگر واقعہ کا بھی تذکرہ گوہل نے کیا اور بتایا کہ سورت میں ڈرگس اسمگلنگ معاملے میں اہم سازشی اور سرغنہ بی جے پی کا لیڈر ہی نکلا۔

کانگریس لیڈر نے حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے لوگوں کو یہ بتانا چاہیے کہ چور اور دھوکہ باز اس کے لیڈران اور اراکین کیوں بن رہے ہیں، اور بی جے پی انھیں تحفظ کیوں دے رہی ہے۔ بی جے پی کو یہ جواب دینا چاہیے کہ بھوپیندر جھالا نام کے اس ٹھگ کیامت شاہ جیسے سینئر لیڈران تک آسان رسائی کیسے تھی، جن کے ساتھ اس نے اپنی تصویریں بھی کھنچوائیں۔ شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ گجرات میں اگر وزیر اعلیٰ یا وزیر کو کسی عوامی تقریب میں جانا ہوتا ہے تو محکمہ خفیہ پروگرام کرانے والے کا پس منظر پتہ کرتا ہے۔ کیا محکمہ خفیہ نے حکومت کو نہیں بتایا تھا کہ بھوپیندر جھالا نے لوگوں کے ساتھ 6 ہزار کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کی ہے؟


Share: